ہفتہ 14 نومبر 2026 - 18:49
رضائے فاطمہؑ، رضائے رسولؐ اور رضائے الٰہی کا معیار ہے: مولانا نقی مہدی زیدی

حوزہ/ایامِ عزائے فاطمیہ کی مناسبت سے مسجد پنجتنی، تاراگڑھ اجمیر میں منعقدہ مجلسِ عزاء سے خطاب میں امام جمعہ تاراگڑھ اجمیر، مولانا سید نقی مہدی زیدی نے حضرت فاطمہ زہراء کے فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراء کے بارے میں روایات میں رسول اللّٰہ نے آپ کی خوشنودی اور ناراضی کو اپنی خوشنودی اور ناراضی، بلکہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور ناراضی سے وابستہ قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ایامِ عزائے فاطمیہ کی مناسبت سے مسجد پنجتنی، تاراگڑھ اجمیر ہندوستان میں منعقدہ مجلسِ عزاء سے خطاب میں امام جمعہ تاراگڑھ اجمیر، مولانا سید نقی مہدی زیدی نے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے فضائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے بارے میں روایات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کی خوشنودی اور ناراضی کو اپنی خوشنودی اور ناراضی، بلکہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور ناراضی سے وابستہ قرار دیا ہے۔ اسی طرح ’’فاطمة بضعة منی‘‘ (فاطمہ میرے وجود کا حصہ ہیں) جیسی تعبیریں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نزدیک آپ کے خصوصی مقام کی عکاسی کرتی ہیں۔

مولانا نقی مہدی زیدی نے کہا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت سلمان سے فرمایا: ’’جو بھی میری بیٹی فاطمہ سلام اللہ علیہا سے محبت کرے گا، وہ جنت میں میرے ساتھ ہوگا اور جو ان سے دشمنی کرے گا، وہ جہنم کی آگ میں جلے گا۔ اے سلمان! فاطمہ سلام اللہ علیہا کی محبت انسان کے سو مقامات پر کام آئے گی، جن میں سب سے آسان مقام موت کا وقت، قبر، صراط، میزان اور محاسبے کا وقت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فاطمہ کا معنی ’’جدا کرنے والی‘‘ ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: ’’حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کا نام فاطمہ اس لیے رکھا گیا ہے کہ عام لوگ آپ کی معرفت سے محروم اور آپ کے مقام و مرتبے کے ادراک سے قاصر ہیں۔‘‘ ایک دوسری روایت میں نقل ہوا ہے کہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کا جسم بہشتی پھلوں اور غذاؤں سے، جبکہ آپ کی روح عظمتِ خدا کے نور سے خلق ہوئی ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: ’’جس نے حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبے کی معرفت حاصل کرلی، اس نے شبِ قدر کی حقیقت کو درک کرلیا۔

آخر میں مولانا نقی مہدی زیدی نے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے مصائب بیان کیے، جس پر حاضرین نے انتہائی رقت و گریہ کا اظہار کیا۔ مجلس کے اختتام پر زیارت نامہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی قرأت کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha